ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ہلیال میں معصوم بچی کا اغواء کرکے عصمت دری کی کوشش :ملزم کے خلاف پوکسو کے تحت معاملہ درج

ہلیال میں معصوم بچی کا اغواء کرکے عصمت دری کی کوشش :ملزم کے خلاف پوکسو کے تحت معاملہ درج

Sun, 28 Jan 2018 20:54:47    S.O. News Service

 ہلیال:28/ جنوری (ایس اؤنیوز)بچی کو اغواء کرکے اُسے جنگل میں لے جاکر اُس کی عصمت دری کی کوشش کرنے کے الزام میں پولس نے ایک شخص کو گرفتار کرتے ہوئے اُس کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت معاملہ درج کرلیا ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق دس سالہ لڑکی ایک 45 سالہ درندے سے اپنے ساتھ عجیب سلوک کونہ سہتے ہوئے اُس کا  ہمت کے ساتھ  سامنا کرکے چھٹکار ا حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

گرفتار شدہ ملزم کی شناخت دھارواڑ کے راجیوگاندھی نگر کے مکین،آٹو ڈرائیور عبدالکریم عبدالغفار میستری  کی حیثیت سے کی  گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق عبدالکریم  دھارواڑ سے ہلیال کے لئے آٹورکشا بطور کرایہ لے کر آیا تھا۔ سنیچر کی شام ملاگریس چرچ کے پاس کھڑی 10برس کی معصوم بچی کو پتہ پوچھنے کے بہانے اُسے بہلا پھسلا  کر  اپنے آٹو میں اغواء کرکے دھارواڑ کی طرف چل پڑا، ہلیال شہر سے گزر کر قریب 5کلومیٹر کی دوری طئے کرنے کے بعد رخ بدلتے ہوئے جنگل کی سڑک کی راہ لی اور جنگل کے درمیان ویران جگہ پہنچ کر بچی کے ساتھ بیہودہ حرکتیں کرنے لگا تو بچی درندے سے بچ نکلنے کی کوشش کرکے  چیخ پکار  اور  بھاگ دوڑ کرتے ہوئے کسی طرح جنگل  سے نکلنےمیں کامیاب ہوگئی اور مین روڈ پرپہنچ گئی۔اسی دوران مین روڈ سے گزر رہے 2 پولس والوں نے لڑکی کو تنہا دیکھ کر بات کی تو بچی گھبرائی ہوئی تھی ، بچی کو ہمت دلا کر معاملے کی جانکاری حاصل کرتے ہوئے  جنگل میں ملزم کی تلاش  شروع کی تو جنگل میں ملزم عبدالکریم اپنے آٹو کے ساتھ فرار ہونے کی کوشش میں مل گیا، جس کو گرفتار کرکے پولس تھانہ لایا گیا۔

بچی کے ساتھ عصمت دری کی کوشش کی خبر جیسے ہی شہر میں پھیلی  تو عیسائی اور دیگر طبقے کے لوگ پولس تھانہ کے باہر جمع ہوگئے اور  واقعہ کی کڑی مذمت کرتے ہوئے ملزم کو اپنے حوالے کرنےکامطالبہ کرنے لگے۔ عوام کا کہنا تھا کہ  ملزم کو سرعام سزا دی جائے۔

ادھر معاملے کی اطلاع پاتے ہیں ڈانڈیلی کے سی پی آئی انیس مجاور پولس تھانہ پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا اور عوام کو یقین دلایا کہ وہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کاروائی کریں گے۔  پی ایس آئی ، ایم ایس ہگار نے ملزم کے خلاف پوکسو قانون کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کا آٹو رکشہ  اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ پولس  مزید چھان بین کررہی ہے۔ 


Share: